
والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نے تاریخی محلہ کوچہ حسین شاہ کا افتتاح کر دیا۔
5 اپریل ( قومی وقار )
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) نے کوچہ حسین شاہ کی بحالی کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ محلہ حسین شاہ کے نام سے منسوب ہے، جو آنکھوں کے علاج میں مہارت کے لیے مشہور تھے۔ روایت ہے کہ ان کے پاس ایک خاص سرمہ تھا جو بینائی بحال کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ قیام پاکستان سے قبل وہ رضاکار ٹیم کے وارڈن کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیتے رہے۔
یہ منصوبہ حکومتِ پنجاب کی مالی معاونت سے 2021 میں منظور ہونے والی سالانہ ترقیاتی اسکیم (اے ڈی پی)کے تحت شروع کیا گیا۔ ڈبلیو سی ایل اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ مبشر الحسن کے مطابق، اس منصوبے میں 31 عمارات اور 400 میٹر طویل گلیوں کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی شامل تھی۔ ان میں سے 13 عمارتیں تاریخی اہمیت کی حامل ہیں اور تقریباً 200 سال پرانی ہیں۔
مبشر صاحب نے مزید بتایا کہ "بحالی منصوبے کی منظوری کے بعد ان عمارات کی آرکیٹیکچرل ڈاکیومنٹیشن، 3ڈی اسکیننگ اور
بحالی کی تجاویز تیار کی گئیں۔ منصوبہ ڈبلیو سی ایل اے کے ہیریٹیج کنزرویشن بورڈ کے ساتھ شیئر کیا گیا، جس کے بعد عملی کام کا آغاز ہوا اور اپریل 2025 میں مکمل کر لیا گیا۔ اس منصوبے کی لاگت تقریباً 9 کروڑ روپے رہی۔
اس منصوبے کے تحت تمام عمارات کی بیرونی ساخت اور ڈھانچوں کی مضبوطی کو یقینی بنایا گیا، جب کہ تمام تاروں کو زمین کے نیچے لے جایا گیا۔ نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا گیا، اور کھلے نالوں کو ڈھانپ دیا گیا۔اس کے علاوہ گلیوں کے فرش ، روشنی کے انتظام، سیاحوں کے لیے سائن بورڈز کی تنصیب اور گلیوں کی خوبصورتی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل، کامران لاشاری نے کہا
کوچہ حسین شاہ کا مرمت و بحالی منصوبہ نہ صرف لاہور کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کا ہے بلکہ یہاں کے رہائشیوں اور آنے والے سیاحوں کے لیے زندگی کے معیار کو بھی بہتر بنانا مقصود ہے۔ کوچہ حسین شاہ کی مرمت و بحالی ہمارے اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم لاہور کی تاریخی وراثت کو محفوظ اور اجاگر کرنے کے لیے پر عزم ہیں ۔