پاکستانتازہ ترینسپیشل رپورٹکاروبار

پنجاب کے اضلاع کو معاشی ترقی اور صنعت کاری کے مراکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی دو روزہ ورکشاپ 2 نومبر سے شروع ہوگی

پنجاب کے اضلاع کو معاشی ترقی اور صنعت کاری کے مراکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی دو روزہ ورکشاپ 2 نومبر سے شروع ہوگی

لاہور، 30 اکتوبر: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب حکومت نے تمام اضلاع کو روایتی انتظامی ذمہ داریوں سے آگے بڑھاتے ہوئے صوبے کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور صنعت کاری کے مراکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں 2 نومبر سے سول سیکرٹریٹ لاہور میں تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ہیڈ کوارٹرز) کی دو روزہ ورکشاپ منعقد ہوگی، جس میں ضلعی سطح پر سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

ورکشاپ کا بنیادی مقصد مقامی معیشت کو متحرک کرنا، کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل دفتری و انتظامی رکاوٹیں دور کرنا اور ضلعی انتظامیہ و نجی شعبے کے درمیان مؤثر رابطے کو فروغ دینا ہے۔

دو روزہ ورکشاپ کے دوران وفاقی و صوبائی اداروں کے اعلیٰ حکام ضلعی افسران کو تجارتی مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات، آسان لائسنسنگ اور ڈیجیٹل سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ ان اداروں میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، بورڈ آف انویسٹمنٹ، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (SMEDA)، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) شامل ہیں۔

ورکشاپ کے دوران پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے تحت مختلف اضلاع کی روایتی مصنوعات، مقامی صنعتوں اور دستکاریوں کو متعارف کرانے کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے، تاکہ ہر ضلع کی کاروباری اور صنعتی صلاحیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

سیشن میں ملکی و بین الاقوامی صنعتی اور تجارتی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جو کاروباری شعبے کو درپیش مسائل، سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور سازگار کاروباری ماحول کی تشکیل کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کریں گی۔

صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے ورکشاپ میں شریک ہوں گے۔

اس اقدام کے تحت ضلعی انتظامیہ کو مقامی وسائل، صنعتی صلاحیت اور تجارتی مواقع کی نشاندہی کے ساتھ سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنے میں فعال کردار دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، تاکہ صوبے کے تمام اضلاع کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button