تازہ ترین

پشاور کنزیومر کورٹ کا شاپنگ بیگ کے پیسے لینے پر کپڑوں کے برانڈ کو 50 ہزار روپے جرمانہ

پشاور: ایک کنزیومر کورٹ نے جمعرات کے روز ایک معروف کپڑوں کے برانڈ پر شاپنگ بیگ کے پیسے وصول کرنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا اور اسے حکم دیا کہ صارف سے بیگ کے لیے وصول کیے گئے 30 روپے بھی واپس کیے جائیں۔

یہ فیصلہ جج نصراللہ خان گنڈاپور نے شفق عامر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سنایا۔ شفق عامر نے رواں سال فروری میں ایک کپڑوں کے برانڈ کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا کیونکہ اس سے شاپنگ بیگ کے پیسے لیے گئے تھے۔

درخواست گزار کی جانب سے وکیل احسن سردار پیش ہوئے جبکہ جواب دہندگان کی طرف سے محمد اومیعہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق شفق عامر نے خیبر پختونخوا کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے سیکشن 13 کے تحت یہ شکایت دائر کی تھی۔ شکایت میں بتایا گیا کہ 20 دسمبر 2025 کو انہوں نے متعلقہ برانڈ کے آؤٹ لیٹ سے 7 ہزار روپے کے کپڑے خریدے۔ اس خریداری کے ساتھ ان سے برانڈ کے لوگو والا شاپنگ بیگ فراہم کرنے کے لیے اضافی 30 روپے بھی وصول کیے گئے۔

عدالت نے کہا کہ جواب دہندہ نے اس الزام کی تردید نہیں کی، تاہم اس کا مؤقف تھا کہ صارفین کو شاپنگ بیگ مفت فراہم کرنا اس کی قانونی ذمہ داری نہیں اور بیگ صارف کی خاص درخواست پر الگ سے فراہم کیا جاتا ہے۔

دونوں جانب کے وکلا کے دلائل سننے اور ریکارڈ پر موجود مواد کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے معاملے کو خیبر پختونخوا کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت دیکھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ سے واضح ہے کہ درخواست گزار نے متعلقہ آؤٹ لیٹ سے کپڑے خریدے اور اس کی رسید میں بیگ کے لیے الگ سے 30 روپے وصول کیے جانے کا ذکر موجود تھا۔ عدالت کے مطابق جواب دہندہ نے کپڑوں کی فروخت اور رسید پر بیگ کی قیمت درج ہونے کی بات بھی تسلیم کی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ صارف کو خریدی گئی اشیا ایک شاپنگ بیگ میں دی گئی، جبکہ مذکورہ بیگ پر برانڈ کا لوگو موجود تھا۔ عدالت کے مطابق یہ بیگ برانڈ کی تشہیر کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور اس کی قیمت بھی صارف سے وصول کی گئی۔

عدالت نے مزید کہا کہ برانڈ نے نہ صرف صارف سے اضافی رقم وصول کی بلکہ اسی بیگ کے ذریعے اپنے برانڈ کی تشہیر بھی کی۔ عدالت کے مطابق اگر تشہیری لوگو والا بیگ فراہم نہ کیا جاتا تو صارفین کو عام بیگ فراہم کیا جاسکتا تھا۔

عدالت نے اس صورتِ حال میں برانڈ کے اس عمل کو قانون کے تحت غیر منصفانہ تجارتی عمل قرار دیا۔

عدالت نے شکایت منظور کرتے ہوئے متعلقہ برانڈ کو حکم دیا کہ شاپنگ بیگ کے لیے صارف سے وصول کیے گئے 30 روپے واپس کیے جائیں۔ اس کے علاوہ شفق عامر کو 25 ہزار روپے معاوضہ ادا کرنے اور حکومت کو 25 ہزار روپے جرمانہ جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button