پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، موسم خوشگوار، پی ڈی ایم اے کی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت.

پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، موسم خوشگوار، پی ڈی ایم اے کی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت.
لاہور ،پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہےجس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور موسم خاصا خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے علاقے پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔ جہلم میں 102 ملی میٹر، منگلا میں 81 ملی میٹر اور راولپنڈی میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 10 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔،پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گرج چمک کے دوران کھلی جگہوں میں جانے سے گریز کریں، کچے یا خستہ حال مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔



