پاکستانتازہ ترینسپیشل رپورٹ

ایم ڈی کیٹ امتحان: پنجاب حکومت نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی، 15 شہروں میں 31 مراکـز قائم، 49 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوں گے

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرِ صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ۔

ایم ڈی کیٹ امتحان: پنجاب حکومت نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی، 15 شہروں میں 31 مراکـز قائم، 49 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوں گے
​سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ، نادرا کے ذریعے آن دی اسپاٹ بائیومیٹرک تصدیق ہوگی
ٹیسٹ کے روز امتحانی مراکز کے گردو نواح میں دفعہ 144 نافذ رہے گی
​لاہور،16 ستمبر:
پنجاب حکومت نے 20 ستمبر کو منعقد ہونے والے میڈیکل و ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) کے لیے فول پروف سیکیورٹی و انتظامی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت 15 شہروں میں 31 امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ ٹیسٹ میں 49 ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت متوقع ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرِ صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام امتحانی مراکز کی سیف سٹی اتھارٹی کے ذریعے سی سی ٹی وی کیمروں سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ جعلی امیدواروں کے خاتمے کے لیے موقع پر نادرا کے ذریعے فوری بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی۔ 20 ستمبر کو صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکـز کے گرد و نواح میں سخت سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
​چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ کہ امتحانی مراکـز پر واک تھرو گیٹس، اسکینرز کی تنصیب، بلاتعطل بجلی کی فراہمی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے میڈیکل کیمپس کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین کے لیے سایہ دار جگہوں اور پینے کے ٹھنڈے پانی کی دستیابی کا خاص انتظام کرنے کا حکم بھی دیا۔
​یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے زیرِ اہتمام 15 اضلاع کے 31 سینٹرز میں 49 ہزار سے زائد امیدوار اس ٹیسٹ میں حصہ لیں گے۔ جن شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں ان میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولنگر، میانوالی، لیہ، سرگودھا، بہاولپور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، ساہیوال، سیالکوٹ اور گجرات شامل ہیں۔
​اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایم ڈی سیف سیٹیز اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button