
ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے کہاہے کہ ہمارا مقصد پاکستان کی غریب عوام کی خدمت کرنا ہے، موجودہ حالات میں بچیوں کی تعلیم پر توجہ ضروری ہے ،یہ بچیاں تعلیم حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کریں گی ، پاکستان بیت المال نے یتیم بچیوں اور بیواوں کے انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیجیٹل آغاز کردیا ہے، پروگرام کے تحت بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی ۔ پیر کے روز یہاں ایوان اقبال میں یتیم بچیوں اور بیواوں کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے کہا کہ بیواوں کو بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے ،نجی بینک کے ذریعے رقم خواتین میں تقسیم کی جائے گی ۔ مذکورہ تقریب میں لاہور ڈسٹرکٹ کی درجنوں یتیم بچیوں اور بیواوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دس ہزار روپے کے حساب سے رقوم تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی، پراجیکٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال قاسم ظفر اور انچارج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام و سویٹ ہومز ڈائریکٹر عباس خان نیازی،انجینئر محمد اعظم سمیت دیگر نے شرکت کی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال قاسم ظفر اور انچارج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام و سویٹ ہومز ڈائریکٹر عباس خان نیازی نے مذکورہ پروگرام کے اعزاض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور مہمانوں کو تقریب میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سکیم کے تحت بیوہ خواتین اور یتیم بچیوں کی کفالت کے لیے ایک گھرانے میں ایک یتیم ہے تو 6ہزار روپے ، اگر گھرانے میں ایک سے زیادہ بچے ہونے پر 10 ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی نے کہا کہ یہ پروگرام بیواوں اور ان کے بچوں کو تعلیم دینے کیلئے ہے ،اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو خودمختار کریں گے ،وہ خواتین جو اپنے بچوں کو پڑھانا چاہتی ہیں ان کے لیے یہ اچھا اقدام ہے ،مہنگائی اور غربت کے دور میں بچوں کی تعلیم پر توجہ دینا ضروری ہے۔




