
والڈ سٹی آف لاہوراتھارٹی، مقامی تاجران اور پہلوانوں کے ساتھ مل کر موچی گیٹ پارک اندرون لاہور میں شام 5بجے شاہی دنگل سجائے گا۔جس میں ملک کے نامور پہلوان کشتی لڑیں گے۔ دنگل ایک قدیمی کھیل ہے جو عوام میں مقبول عام تھا۔ اپ اس بات کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ صرف لاہور میں 600 اکھاڑے تھے۔ رسم کے مطابق مقابلے سے ایک روز پہلے پہلوانوں کی رونمائی ہوتی، بگھیوں میں جلوس کی صورت گھمایا جاتا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ہوتے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اب اس مقبول کھیل کے اکھاڑوں کو پھر سے آباد کر رہی ہے۔ اتوار کو ہونے والے مقابلوں میں مالو پہلوان کا مقابلہ محسن موچی پہلوان رستم گوجرہ سے ہو گا۔ ہیرا بلوچ پہلوان کا مقابلہ عمر پہلوان جڑانوالہ، گونگا پہلوان کا مقابلہ قاضی محبوب پہلوان ملتان، ارشد پٹھان کا مقابلہ عثمان ٹوبے والا رستم ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ساتھ، مامے پہلوان کا مقابلہ عبد الرحمن گوجرانوالہ کے ساتھ، راشد گجر کا مقابلہ قربان کاہنہ والا کے ساتھ، مٹھو پہلوان کا مقابلہ وسیم گاڈھی کے ساتھ ہو گا۔ اس کے علاوہ پٹھوں کی کشتیوں کے مقابلے اور اوپن کشتی بھی ہو گی۔

ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ اکھاڑے لاہور کی پہچان ہیں اتھارٹی اس کھیل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور ایک طویل مدت بعد مقامی تاجران کے تعاون اور دلچسپی سے یہ اکھاڑے پھر سے آباد ہو رہے ہیں۔ والڈ سٹی اتھارٹی شہر لاہور کی ثقافت کو محفوظ رکھنے کے لئے کام کرتی رہے گی۔ ادارہ اب شاہی دنگل کی روایت پر چلتے ہوئے ہر سال شاہی دنگل کروایا کرے گا۔




