پنجاب حکومت کاماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدام، دو ہزار الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کاماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدام، دو ہزار الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ابتدائی مرحلے میں صوبے میں 600 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی
لاہور 20جون:
پنجاب حکومت نے ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے ایک انقلابی اقدام کے تحت صوبہ بھر میں دو ہزار الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ابتدائی مرحلے میں صوبے میں 600 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور ٹرانسپورٹ کے سیکرٹریز، سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ڈی جی ایل ڈی اے، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر ضلع میں چارجنگ اسٹیشنز اور بس ڈپو کے قیام کے لیے موزوں مقامات کی فوری نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو جدید، آرام دہ اور بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔چیف سیکرٹری نے پبلک ٹرانسپورٹ میں اوور لوڈنگ کے خاتمے کے لیے موثر مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ گورننس اور شعبہ صحت کی بہتری پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات حکومتی کارکردگی کا عملی مظہر ہیں۔ چیف سیکرٹری نے انتظامی افسران کو تاکید کی کہ وہ صفائی ستھرائی کے اس معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل محنت کریں۔
چیف سیکرٹری نے یہ بھی واضح کیا کہ محکمہ ریونیو میں کرپشن کا خاتمہ ڈپٹی کمشنرز کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس کے ذریعے عام شہری کو براہ راست ریلیف ملے گا۔ انہوں نے اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کو جلد از جلد مکمل کرنے اور آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی بھی ہدایت کی۔



