گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا گورنر ہائوس لاہور میں تھیلیسیما، ہیموفیلیا میں مبتلا بچوں اور صحافی برادری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام ۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور میں تھیلیسیما، ہیموفیلیا میں مبتلا بچوں اور صحافی برادری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا ۔ گورنر نے باری باری بچوں کے ساتھ مصافحہ اور ان کی خیریت دریافت کی۔ بچے گورنر پنجاب کو اپنے درمیان پاکر بہت خوش ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ آج کی تقریب کے میرے مہمان تھیلیسمیا، ہیموفیلیا کے وہ بچے ہیں جو میرے لئے وزیروں اور مشیروں سے بھی بڑھ کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھیلیسیما کے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر افطاری کرنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے اور میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے موذی مرض میں مبتلا بچوں کی خدمات کا موقع دیا۔ گورنر نے کہا کہ سندس فائونڈیشن جیسے فلاحی ادارے جو انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے بچوں کو رمضان کے مہینے میں خون کی اشد ضرورت ہوتی ہے اور میں نوجوان نسل سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ خون کا عطیہ دیں۔
گورنر نے کہا کہ جب تک گورنر ہائوس میں موجود ہوں عوام کے لئے گورنر ہائوس کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کی آزادی، خودمختاری اور قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا جمہوریت کے تسلسل اور استحکام کیلئے بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے میڈیا کا کردار کلیدی ہے۔
تقریب میں پیٹرن سندس فائونڈیشن سہیل وڑائچ، صدر یاسین خان، ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن خالد عباس ڈار، سینئر صحافی افتخار احمد، واصف ناگی، رئیس انصاری، شکیل ملک، صوفیہ بیدار، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر، سید شعیب الدین، ممتاز سلیم لنگاہ ،عاصم نذیر بھٹی ،عقیل انجم اعوان ،محبوب عالم ،ندیم مصطفی! ،میاں شاہد ندیم، عدنان ملک، نذیر بھٹی، فیصل ادریس بٹ، اخلاق اسلم سمیت صحافت سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔



