چیف سیکرٹری پنجاب کا گوجرانوالہ کا دورہ، ہل ریزورٹ منصوبے کا افتتاح کیا

چیف سیکرٹری پنجاب کا گوجرانوالہ کا دورہ، ہل ریزورٹ منصوبے کا افتتاح کیا ۔
زاہد اختر زمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں ستھرا پنجاب پروگرام اور تجاوزات کیخلاف مہم کا جائزہ لیا، ضروری ہدایات جاری کیں
لاہور 21 فروری:
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جمعہ کے روز گوجرانوالہ کا دورہ کیا، جی ٹی روڈ سے منسلک ڈمپنگ پوائنٹ کی 11 ایکڑ اراضی پر ہل ریزورٹ کے منصوبے اورقائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول میں سات کروڑ روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے کالج بلاک کا افتتاح کیا۔
چیف سیکرٹری نے نے شہر کے مختلف علاقوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام اورتجاوزات کیخلاف مہم کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ، سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس سہیل اشرف، ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ڈمپنگ پوائنٹ متبادل جگہ منتقل کر دیا گیا ہے اور جی ٹی روڈ پر چیانوالی کے قریب اس جگہ کو ہل ریزورٹ بنانے کے منصوبے پر کام کا آغازکر دیا گیا ہے۔ ہل ریزورٹ پر 2 ہزار پودے لگائے جائیں گے اور شہریوں کو گرین ایریاز اور دیگر معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے۔
بعد ازاں چیف سیکرٹری پنجاب کو جی ٹی روڈ پر سگنل فری کوریڈور منصوبے بارے بریفنگ دی گئی جس پر 5 ارب روپے لاگت آئے گی۔ کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے چیف سیکرٹری پنجاب کو گوجرانوالہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اوروزیر اعلیٰ پنجاب کے انشی ایٹوز بارے بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول میں سات کروڑ روپے لاگت سے تعمیر ہونے والے نیو کالج بلاک کا افتتاح کیا۔ چیف سیکرٹری نے ڈی سی روڈ، کمشنر روڈ، سیالکوٹ روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ کا دورہ کیا اور ستھرا پنجاب پروگرام، تجاوزات کیخلاف آپریشن اور یکساں برانڈنگ کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا۔



