
سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نایاب بیماری ايميلائيڈ کے ساتھ طویل جنگ کے بعد اتوار کو 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ دبئی میں پاکستانی قونصل خانے اور ابوظہبی میں سفارت خانے کی ترجمان شازیہ سراج نے اس خبر کی تصدیق کی۔ رپورٹ میں بتایا کہ فور اسٹار جنرل کا اتوار کی صبح دبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ میں اس بات کی تصدیق کرسکتا ہوں کہ مرحوم جنرل نے آج صبح دبئی میں آخری سانس لی، وہ اب نہیں رہے۔ پرویز مشرف کی میت کو تدفین کے لیے پاکستان لانے کے لیے پیر کو خصوصی پرواز دبئی جائے گی۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے پرویز مشرف کے انتقال کے فوری بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد اور تمام سروسز چیفس دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ فور سٹار جنرل مشرف نے 1999 میں حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھالا اور تقریباً ایک دہائی تک پاکستان پر حکومت کی۔



