
اسلام آباد: اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے بغاوت کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کی ضمانت منظور کر لی۔ میڈیا ٹاک میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ارکان کو سرعام دھمکیاں دینے کے الزام میں بغاوت کے الزامات کا سامنا کرنے والے سابق وزیر کو اسلام آباد کے کوہسار پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد 25 جنوری کو لاہور کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ فیضان گیلانی نے درخواست مشروط طور پر منظور کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری آئندہ ایسے ریمارکس نہ دیں۔ عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔



