
لاہور- یکم فروری 2023- پی آئی ٹی بی اور محکمہ خزانہ پنجاب کے اشتراک سے وضع کردہ سرکاری ادائیگیوں اور ٹیکسوں کے آن لائن نظام ‘ای پے پنجاب’ کے ذریعے صوبائی حکومت کو اب تک 154 ارب روپے ریکارڈ ٹیکس ریونیو وصول ہو چکا ہے جبکہ آن لائن ٹرانزیکشنز 2 کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کر گئیں ہیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیرصدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ای پے سے اب تک حکومت کو سیلز ٹیکس کی مد میں 98 ارب ٹوکن ٹیکس کی مد میں 16 ارب ٹریفک چالان کی مد میں 6 ارب ‘پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 16 ارب اور ای چالان کی مد میں 36 کروڑ روپے سے زائد ریونیو وصول ہو چکا ہے۔ چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ ای پے پنجاب میں جلد نئی خدمات بھی شامل کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت حاصل ہو سکے۔ فی الوقت ای پے سے شہری 11 محکموں کے 26 ٹیکس ایک کلک پر مختلف ذرائع مثلاً انٹرنیٹ، موبائل بینکنگ اور اے ٹی ایم کے ذریعے بآسانی ادا کر سکتے ہیں۔



