
وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو شاباش دیتے ہوئے غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو مار بھگانے والے پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پولیس دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے میں ہمارا قابل فخر ہراول دستہ ہے۔دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم اور ادارے متحد اور یک آواز ہیں۔ پشاور میں ایک مہلک خودکش بم دھماکے میں 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کے ایک دن بعد، منگل کی رات میانوالی میں ایک پولیس سٹیشن پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے بھاری ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے بندوقوں سے حملہ کیا۔ حملے میں کوئی بھی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔




