
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چترال میں لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں،چترال کے عوام کو مزید اندھیروں میں نہیں رکھ سکتے۔ وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چترال میں بجلی اور انفراسٹرکچر کے مسائل کے حل کےلیے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ پاور خرم دستگیر خان، چیئرمین واپڈا لیفٹینیٹ جنرل (ر) سجاد غنی، سیکرٹری پاور اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے وزیرِ اعظم کو چترال میں لوڈ شیڈنگ اور انفراسٹرکچر کے مسائل سے آگاہ کیا۔ شرکا نے وزیرِ اعظم کا سیلاب کے دوران چترال کے متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے ذاتی دلچسپی پر شکریہ بھی ادا کیا۔ چترال میں ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اداروں میں مقامی لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر نوکریوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ چترال میں انفراسٹرکچر کے مسائل کا فوری حل کیا جائے۔



