
لاہور 10 جنوری۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کوچہ شاہ حسین کی بحالی و تحفظ پر کام کر رہی ہے۔ کوچہ شاہ حسین تحفظ و بحالی کا تقریباً 35 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ منصوبہ جنوری 2024 تک مکمل کر دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی لاگت 90.1 ملین روپے ہے۔ یہ کوچہ تاریخی عمارتوں پر مشتمل ہے اس میں موجود 31 عمارتوں کو محفوظ کیا جا رہا ہے۔ بحالی کے کاموں میں گلیوں کی سطح کو بہتر بنانا اور سیاحوں کے بیٹھنے کی جگہ اور ایک کیفے، سیوریج لائن، بجلی کی لائن، پانی، گیس اور ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات سمیت موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور بہتری بھی شامل ہے۔ یہ منصوبہ آغا خان کلچرل سروس آف پاکستان کے تعاون سے مکمل کیاجا رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد تاریخی مقامات کی بحالی اور حفاظت کرنا ہے جس سے تاریخی گلیوں اور مسجد وزیر خان کے علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ کوچہ شاہ حسین کی بحالی کے بعد اس جگہ کو سیاحتی مرکز میں بدل دے گا۔




