پاکستانتازہ ترینسیاسیات

علامہ اقبال ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا مشترکہ باب ہیں. ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر

لاہور (10 جنوری) اسلامی جمہوریہ ایران کے لاہور میں تعینات ہونے والے نئے قونصل جنرل مہران موحدفر نے لاہور میں اپنی ذمہ داریوں کا آغاز شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر کیا۔ اس موقع پر علامہ اقبال کے نواسے میاں اقبال صلاح الدین بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ علامہ اقبال کے مزار پر فاتحہ خوانی اور دعا کے بعد ایرانی قونصل جنرل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی ہے کہ میں قومی شاعر، فلسفی، مسلم مفکر اور ایک خودمختار ملک پاکستان کا خواب دیکھنے والے کے حضور آیا ہوں جو اسلامی جمہوریہ ایران اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا ایک مشترکہ باب ہیں۔ایرانی قونصل جنرل نے مزار پر حاضری کے دوران علامہ اقبال کا فارسی کلام بھی پڑھا اور کہا کہ آپ ایک ایسی قابل قدر شخصیت ہیں جن کو اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے "مشرق کا بلند ستارہ” نام دیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ عالم اسلام کے اتحاد میں علامہ اقبال کا کردار، اس عظیم شخصیت کی وفات کے آٹھ عشروں سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی اثر انگیز ہے، اس لیے ان کا نام تاریخ میں ہمیشہ روشن رہے گا۔

Related Articles

Back to top button