
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ خود کو پاکستان کا اثاثہ ثابت کیا ہے اور ان کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں برطانیہ/امریکہ میں قائم ہیومینٹیرین گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم آہنگی، مفاہمت اور مذاکرات کی پالیسیوں کو اپنایا جائے جس کا ٹصور شہید بے نظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیا تھا۔ سپیکر نے ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستانی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کو دہشت گردی، انتہا پسندی اور مہنگائی کے چیلنجز کا سامنا ہے اور عوامی نمائندے ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری سیاستدانوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اس قوم کو اس دلدل سے نکالیں۔ سپیکر نے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سمندر پار پاکستانی ہیں جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے کے لیے پیش پیش رہتے ہیں۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی پاکستان کا مقدر ہے کیونکہ ہماری قوم موجودہ چیلنجز سے نکلنے کے لیے پرعزم ہے۔



