
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سال 2023 کے آغاز پر پوری پاکستان قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ اس سال کو پاکستان ، پاکستانی قوم ، عالم ِ اسلام اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت بنائے اور دنیا کو امن و آشتی اور ترقی و خوشحالی نصیب فرمائے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں اپنی انہی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو آج مختلف معاشی مشکلات ، سیاسی عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال، دہشتگردی کی دوبارہ سراٹھاتی عفریت، موسمیاتی تبدیلیوں، غربت اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال میں ہمیں قوم کو درپیش ان مسائل پر قابو پانے کیلئے بحیثیت قوم اپنی ترجیحات کا درست طور پر تعین کرنا ہے۔ ہمیں ملک کو ایک خوشحال، ترقی یافتہ، جمہوری اور مستحکم ملک بنانے کیلئے قومی یکجہتی، اتحاد، نظم و ضبط، مسلسل محنت، جذبے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہے۔
ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستانی قوم کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا، مگر ہم اپنی محنت ، بہادری ، ایثار، عزم اور مستقل مزاجی کی بدولت مشکل حالات سے نکلے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پر کامیابی سے قابو پانے کے بعد پاکستان کو ملک کے طول و عرض میں تاریخی سیلاب کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اپنے تہینتی پیغام کے آخر میں صدر مملکت نے کہا کہ آئیں، نئے سال کے آغاز پر پاکستان کو ایک پرامن، خوشحال اور اسلام کے زریں جمہوری اصولوں پر مبنی ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جانب سفر کی شروعات کرنے کاعہد کریں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ان مقاصد کے حصول میں ہمارا حامی و ناصر ہو اور سال 2023 کو پاکستان کیلئے ترقی ، استحکام اور امن و امان کا سال بنائے۔



