
اسلام آباد- پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے منگل کو کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی مرحلہ وار تحلیل کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا لیکن یہ یقینی ہے کہ دسمبر کے آخر تک دونوں اسمبلیاں ختم ہو جائیں گی۔ سابق وزیر منصوبہ بندی نے ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ رواں ماہ میں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی۔ ادھر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ اس سے قبل پیر کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی نے پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کیا جائے گا۔ معاملے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے استعفوں کا اہم فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی طور پر پنجاب اسمبلی کو تحلیل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک گیر احتجاجی تحریک کو انتخابی مہم میں تبدیل کیا جائے گا۔



