والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) نے اُچ شریف، ضلع بہاولپور میں مزارات کے تحفظ اور اپ گریڈیشن کا آغاز کر دیا۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) نے اُچ شریف، ضلع بہاولپور میں مزارات کے تحفظ اور اپ گریڈیشن کا آغاز کر دیا۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) نے صوفی گزرگاہ/زیارات کی گزرگاہ ، پروجیکٹ کے تحت اُچ شریف میں اہم مزارات کے تحفظ اور اپ گریڈیشن کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اہم اقدام کا مقصد خطے کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو بحال کرنا، رسائی کو بہتر بنانا اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
اس منصوبے کے تحت سات مقدس مزارات کے تحفظ پر توجہ دی جا رہی ہے، جن میں حضرت جلال الدین سرخ پوش بخاری، حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت، حضرت بدر الدین نقوی، حضرت فضل الدین لاڈلہ، مسجد حاجات، حضرت راجن قتال، اور حضرت محبوب سبحانی شامل ہیں۔
مرمت و بحالی کے کاموںمیں چھتوں کی بحالی، واٹر پروفنگ، لکڑی کے کام، سطح کی درستگی، فرش کی بہتری، برقی نظام کی تنصیب اور روشنی کے موثر انتظامات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، حضرت بدر الدین نقوی اور حضرت فضل الدین لاڈلہ کے مزارات کو ساختی استحکام فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدوں اور پناہ گاہوں کی ازسرِ نو تعمیر بھی کی جائے گی۔
مزارات کی بحالی کے علاوہ، اس منصوبے کا مقصد یاتریوں کے لیے بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا بھی ہے۔ اس میں داخلی دروازوں، پارکنگ ایریاز، سیاحتی سہولت مرکز، بیت الخلاء، وضو کے مقامات اور پینے کے پانی کی فراہمی شامل ہے۔ مزارات کی طرف جانے والی گلیوں کی سطح کو بہتر بنایا جائے گا اور سیاحوں کی راہنمائی کے لیے رہنما تختیاں نصب کی جائیں گی۔
مزید برآں، اس منصوبے میں زیرزمین سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی تنصیب، زائرین کے لیے بیٹھنے کی سہولت، اور معتقدین کے راستے پر روشنی کے انتظامات شامل ہیں، تاکہ زائرین کو محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا
ان تاریخی مزارات کا تحفظ محض ان کی بحالی تک محدود نہیں، بلکہ یہ اُچ شریف کی روحانی اور ثقافتی میراث کو زندہ کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ہمارا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا، زائرین کو جدید سہولیات فراہم کرنا اور مقامی کاریگروں کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے۔ یہ منصوبہ ہمارے ورثے کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، تاکہ اسے دنیا کے لیے مزید قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔
مرمت و بحالی اور اپ گریڈیشن کا کام باضابطہ طور پر 28 جنوری 2025 کو شروع ہوا اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ اُچ شریف کو ایک اہم مذہبی اور ثقافتی مقام کے طور پر فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی پاکستان کے تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کہ یہ مقامات آنے والی نسلوں کے لیے بھی اپنی عظمت برقرار رکھ سکیں۔



