والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے مال روڈ مری کی آرائش و بیرونی دیواروں کی بحالی کے پراجیکٹ کا آغاز.

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے مال روڈ مری کی آرائش و بیرونی دیواروں کی بحالی کے پراجیکٹ کا آغاز.

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی، مال روڈ مری کی آرائش اور بیرونی دیواروں کی بحالی کے پراجیکٹ پر کام کا آغاز کر نےجا رہی ہے۔یہ جگہ تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے ساتھ مری کے قلب میں واقع ہے، اس کی تاریخ 1857 ءکی ہے،اس کا پرانا نام جناح روڈ تھا، اس علاقے کی ترتیب یورپی ٹاؤن پلاننگ پر مبنی ہے۔ تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے علاوہ مال روڈ مری خطے کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے، جہاں پاکستان بھر سے اور بیرون ملک سے آنے والے سیاح موسم گرما و سرما میں پر سکون نظارے اور برف باری کے موسم کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔
اس منصوبے کا مقصد اس تاریخی سڑک کے دونوں ا طراف عمار ات کے بیرونی حصے کو خوبصورت اور بہتربنانا، گلیوں کی دوبارہ مرمت کرنا ، بیٹھنے کی جگہوں میں اضافہ اور بجلی کی فراہمی کے موجودہ ڈھانچے کو بہتر بنانا شامل ہے اس منصوبے کا بڑا مقصد اس علاقے کی سیاحت کو فروغ دینا ہے کیونکہ مری ،بالعموم مال روڈ خاص طور پر سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ اس منصوبے میں عمارتوں کے بیرونی حصے کو بہتر بنا نا ، گلیوں کی بحالی و مرمت ، اور عوامی مقامات پر سہولتوں کی فراہمی اور ایریا کو مزید پرُ کشش بنانا شامل ہے۔ 700 میٹر کی لمبائی پر محیط اس علاقےمیں شروع ہونے والے اس منصوبے کی تخمینہ لاگت 554.88 ملین روپے ہے، اور یہ منصوبہ جون، 2026 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مال روڈ، مری تاریخ اور قدرتی حسن کا خزانہ ہے۔ یہ منصوبہ صرف مال روڈ کی زیبائش کے متعلق نہیں یہ ہمارے ورثے کو محفوظ رکھنے کے لئے ہے تا کہ آنے والی نسلیں اس وراثت سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ یہ شاندار تاریخی علاقہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہے۔
مال روڈ ،مری کا آرائش اور بیرونی دیواروں کی بحالی کا پراجیکٹ ، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور پائیدار ترقی کو فروغ دینےکے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی تاریخی عمارتوں کی مرمت و بحالی کو جدید سہولیات سے مزین کر کے ، ماضی اور حال کا ایک ہم آہنگ امتزاج بنانے کا خواہاں ہے تاکہ جدید دور میں بھی اس علاقہ کی خوبصورتی سیاحوں کے لئے جاذب نظر رہے۔



