پاکستانتازہ ترینزراعت

فوڈ ایگ مینوفیکچرنگ نمائش 2025 کا شاندار افتتاح.

فوڈ ایگ مینوفیکچرنگ نمائش 2025 کا شاندار افتتاح.

پاکستان میں زرعی ویلیو ایڈیشن اور فوڈ پروسیسنگ کے فروغ کی جانب اہم قدم.

لاہور( 26 فروری )لاہور ایکسپو سینٹر میں آج فوڈ ایگ مینوفیکچرنگ نمائش کا شاندار افتتاح ہوا، جس میں ملکی اور بین الاقوامی صنعت کے ماہرین، نمائش کنندگان اور اسٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ تین روزہ نمائش 26 سے 28 فروریتک جاری رہے گی جس کا مقصد فوڈ پروسیسنگ، پیکیجنگ، اجزا ، سپلائی چین کے جدید حل ، زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا ہے۔

پہلے دن شرکاء کی بڑی تعداد نے 150 سے زائد اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں مقامی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان کی نمائندگی موجود تھی۔ جنوبی کوریا، چین اور یورپی یونین کے نمائندوں کی شرکت نے پاکستان کے ترقی پذیر فوڈ اور ایگریکلچر سیکٹر میں عالمی دلچسپی کو اجاگر کیا۔

چیف ایگزیکٹو ٹی ڈیپ ، فیض احمد نے اس موقع پر کہاکہ ”ہم فوڈ ایگ مینوفیکچرنگ نمائش کے پہلے دن کی اسٹیک ہولڈرز کی بھرپور شرکت اور مثبت ماحول سے بے حد خوش ہیں۔ یہ نمائش زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کی ہماری کاوشوں کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ نمائش میں بین الاقوامی کمپنیز اور مختلف ملکوں کے افراد کی شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کی مارکیٹ میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔“

نمائش کے پہلے دن اہم صنعتی موضوعات پر پینل ڈسکشنز اور سیمینارز منعقد کیے گئے۔ جس میں ”پاکستان کی لاجسٹک انڈسٹری کی بحالی“ اور ”پیکیجنگ انڈسٹری میں جدت اور زرعی اشیا کے لیے حلال لیبلنگ “ پر ہونے والے سیشنز کو شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل ہوئی، جس کےسبب ان شعبوں کی زرعی ترقی میں اہمیت واضح ہوئی۔ اسی طرح ”پاکستان میں اولیو ویلیو چین کے مواقع“ کے موضوع پر ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا، جس میں بین الاقوامی ماہرین نے قیمتی تجاویز دیں ۔

نمائش میں شریک کمپنیز نے بھرپور کاروباری روابط اور نیٹ ورکنگ کے مواقع پر اطمینان کا اظہار کیاجس سے متعدد مقامی و بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں ۔ کورین اور چینی پویلینز، جو جدید زرعی پروسیسنگ مشینری کی نمائش کر رہے تھے، خاص طور پر شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

فوڈ ایگ مینوفیکچرنگ نمائش کا دوسرا دن مزید معلوماتی سیمینارز اور پینل ڈسکشنز پر مشتمل ہوگا، جن میں ”آرگینک ہارٹیکلچر اور ایگری ویلیو ایڈیشن کا مستقبل“، ”ویلیو ایڈیشن: کامیابی کی کہانیاں“ اور ”پاکستان اور جاپان کے درمیان ایگری ٹیک کاروبار کے فروغ“ جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔

تقریب کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر برائے زراعت، سید محمد عاشق حسین شاہ کرمانی نے کیا، جنہوں نے فوڈ پروسیسنگ اور زرعی مشینری کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جدت، ٹیکنالوجی کے فروغ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر زور دیا۔

چیف ایگزیکٹو ٹی ڈیپ ، فیض احمد نے ادارے کے زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے فروغ اور کاروباری شراکت داری میں سہولت فراہم کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نمائش کی کامیابی پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس کے پاکستان کے زرعی مستقبل پر مثبت اثرات کی امید ظاہر کی۔

فوڈ ایگ مینوفیکچرنگ نمائش، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈیپ) کا ایک نمایاں ایونٹ ہے، جو فوڈ پروسیسنگ، پیکیجنگ، اجزا اور سپلائی چین کے جدید حل کی نمائش کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا، برآمدات کو بڑھانا اور مقامی و بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان کاروباری شراکت داری کو آسان بنانا ہے۔

 

Related Articles

Back to top button