
اسلام آباد: صدر عارف علوی نے بدھ کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے اور صوبائی اسمبلی اور عام انتخابات دونوں پر خطرناک قیاس آرائی پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کرے۔ پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں بالترتیب 18 جنوری اور 14 جنوری کو تحلیل کردی گئی تھیں، جب سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ دونوں صوبوں میں ان کی حکومتیں نئے انتخابات کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی اسمبلیاں تحلیل کریں گی۔ آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لکھے گئے خط میں صدر عارف علوی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 224(2) کے تحت اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں۔



