پاکستانتازہ ترین

نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد کا روز والڈ سٹی اتھارٹی کے دفتر کا دورہ۔

لاہور (7 فروری) نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم حسن مراد نے پیر کے روز والڈ سٹی اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا جہاں ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری نے انہیں بریفنگ دی ۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ تاریخی و ثقافتی ورثہ کے حوالے سے لاہور عالمی شہرت کا حامل شہر ہے لہذا سیاحت کےفروغ کے لیے قدیم لاہور کی اصل شکل میں بحالی بہت ضروری ہے۔ابراہیم حسن مراد نے تاریخی ورثہ کی بحالی کے لیے فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے اتھارٹی کو ہدائت کی کہ مستقبل میں پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے شاہی قلعہ کی قانونی حیثیت کا مکمل تعین کیا جائے اور تاریخی ورثہ کی اصل حالت کے تحفظ کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جائیں جس کے لیے مقامی آبادی کا تعاون ضرور حاصل کیا جائے۔ ابراہیم حسن مراد نے مزید ہدایت کی کہ تاریخی مقامات کی اراضی قبضہ گروپوں سے بچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور تاریخی ورثہ کی بحالی و تحظ کے لیے عالمی اداروں کا زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسالی، بھاٹی گیٹ اور مسجد وزیر خان کے مقامات کے لیے کامیاب بزنس ماڈلز بنائے جائیں، تاریخی جگہوں میں آرٹ ورک کو محفوظ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور پنجاب کے ورثے کی پروموشن کے لیے مشہور شخصیات کو بھی آگے لایا جائے۔ وزیر بلدیات نے تجویز دی کہ تاریخی جگہوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے شہریوں کو بھی ایڈوائزری بورڈ میں شامل کیا جائے۔ ملک بھر سے آرکیٹکٹ کے ماہرین کو بلا کر پریزنٹیشنز دی جائیں اور اندرون لاہور کے بارہ میں سے چھ معدوم گیٹوں کی بحالی یقینی بنائی جائے ۔

قبل ازیں کامران لاشاری نے بتایا کہ بیرونی امداد سے بھاٹی گیٹ، ٹکسالی گیٹ اور حضوری باغ کی بحالی شروع کی جا رہی ہے جبکہ اتھارٹی قلعہ مظفرآباد ازاد کشمیر کی بحالی کا کام بھی سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دلکش لاہور، دلکش ملتان، دلکش بہاولپور اور دلکش فیصل آباد کے منصوبے بھی شروع کر رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button