
راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ہفتے کے روز کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو دہشت گردی سے زیادہ نقصان پہنچایا، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیسز نمٹانے کے لیے اقتدار میں ہیں نہ کہ غریبوں کو ریلیف دینے کے لیے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی کرنسی کو بڑا دھچکا لگا، پیٹرولیم کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 10 فروری تک آئی ایم ایف کے قرضہ پروگرام کی بحالی کے لیے شرائط کو حتمی شکل دے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت قومی خودمختاری پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے بھوک کو ترجیح دے گی، ریاستی ادارے اور اثاثے جان سے زیادہ عزیز ہیں۔




