
اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی زمینوں کے کمرشل استعمال کے حوالے سے آئندہ دس روز میں رولز بنا کر کابینہ میں لائیں گے، صوبے پاکستان ریلوے کی اراضی اس کے حوالے کریں، ریلوے میں مزید کوچز شامل کی جارہی ہیں۔ جمعہ کووفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے شکرگزار ہیں کہ وہ ہماری دعوت پر پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام چلنے والی گرین لائن کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے، ماضی میں نواز شریف کی سربراہی میں ہم نے مارگلہ سے جدید گرین لائن ٹرین چلائی تھی جو نواز شریف حکومت کے خاتمے کے بعد بند کردی گئی، ہم نے چین سے بوگیاں لینے کا معاہدہ کیا جس کے تحت اڑھائی سو نئی ویگنیں ملنی ہیں ان میں سے 36 آگئی ہیں، کچھ بوگیاں یہاں بھی بنیں گی اور توقع ہے کہ آئندہ باہر سے نہیں منگوانی پڑیں گی۔



