پاکستانتازہ ترینسیاسیات

پانچ کرداروں نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا، قوم کا اعتماد بحال کرنے کیلئے محمد نواز شریف کو واپس لانا ہو گا، میاں جاوید لطیف

لاہور () وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پانچ کرداروں نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا،قوم کا اعتماد بحال کرنے کیلئے محمد نواز شریف کو واپس لانا ہو گا،محمد نواز شریف کی ملک کیلئے قربانیوں کو ضائع کیا گیا،پاکستان کے اندر مقبول لیڈر شپ کو راستے سے ہٹانے کی کب اور کیوں سازش ہوتی ہے،2017 میں عمران خان کو لانچ کرنے کی خواہش کی تکمیل کی گئی ،آج ملک کے معاشی حالات خراب ہیں، محمدنواز شریف کب تک قربانیاں دیتے رہیں گے ، محمدنواز شریف نے ہمیشہ اپنی تکالیف بھلا کر آگے بڑھنے کی بات کی لیکن ابھی تک سلسلہ نہیں رکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کیا سہو لت کاروںکے اقبالی بیان کے بعد بات رک گئی ہے، ہم کہتے تھے ٹرتھ کمیشن بنایا جائے آج بات اس سے بڑھ گئی ہے ،جب سب کچھ سامنے آ چکا ہے تو اور کیا دیکھنا ہے ،نومبر 2022 تک کھلے عام سر پرستی کی گئی ا س کے بعد سرپرستی کرنے والوں نے نیا روپ دھار کر نورا کشتی شروع کی ۔انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ اتحادی حکومت نہ لیتے تو عمران خان کو کوئی امیدوار نہ ملتا،عمران خان کو دوبارہ مقبول بنانے کے لیے ملک کو اس حال تک پہنچا دیا،ملک سے محبت کرنے والی قیادت نے اپنی سیاست کو عبادت سمجھ کر کیالیکن لانچ کرنے والوں نے بھی اس سے فائد اٹھایا،اے پولیٹیکل اس کو چلاتے رہے اسے مقبول بناتے رہے ،جو سائفر کے حوالے سے وہ بات کرتا تھا اس وقت کے سہولت کار کو پتا نہیں تھا یہ خط جھوٹا ہے اس وقت قوم کو کیوں سچ نہیں بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جب لانچ کیا گیا تھا تو کیا ان کو پتہ نہیں تھا کہ یہ پلے بوائے ہے ،آج پنکی پیرنی فرح گوگی کی کرپشن کی باتیں ہو رہی ہیں اس وقت وہ ادارے کہاں تھے جب اس کو کرسی پر بیٹھایا جا رہا تھا،آج ایک اور شکل میں اسے صادق اور امین بنایا جا رہا ہے ،کیا ثاقب نثار، سعید کھوسہ کو اس کے پلے بوائے ہونے کا پتہ نہیں تھا، اگر محمد نواز شریف کی ملک کیلئے قربانی دینے سے پاکستان کے معاشی اور سیاسی حالات بہتر ہوسکتے ہیں تو مسلم لیگ ن یہ قربانی بار بار دینے کو تیار ہے،آج کیوں نہیں بتایا جا رہا کہ ملک کے حالات بہتر کیوں نہیں ہو ر ہے ،ضمنی الیکشن میں بھی سہولت کاری عام تھی جو آج بھی جاری ہے ،میں بات کروں تو مجھ پر غداری کے مقدمے ہوتے ہیں، وہ روز ساڑھے تین تین گھنٹے جھوٹ بولے جو لوگوں کے ذہنوں پر اثر کر جائے تو سہولت کاری اور کیا ہے اس کے رکے ہوئے کیسوں کا فیصلہ کیوں نہیں ہو رہا، توشہ خانہ اور اس کی بیٹی کا کیس کیوں رکا ہوا ہے ،اس نے اپنی بیٹی کے کیس کا آج تک جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب اقبالی بیان سے قوم کے دکھوں کا مداوا نہیں ہو سکتا،جن پانچ کرداروں نے 2017 میں رول ادا کیا ان کی جیبوں سے پیسہ نکال کر واپس قومی خزانے میں رکھ دیا جائے تو کسی ادارے سے قرض لینے کی ضرورت نہ ہو،ہم تو ہمیشہ حساب دیتے آئے ہیں اب پھر لے لیں ، لیکن جن پانچ کرداروں نے ریاست کو جتنا نقصان پہنچایا ہے ان کے جیبوں سے پیسہ نکال لیں تو پاکستان معاشی بحران سے نکل سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ محمد نواز شریف کو بار بار احتساب اور ٹرائل سے گزارا گیا، لیکن عمران خان کو اے پولیٹیکل ادارہ اگر سہولت نہیں دیتا تو جسٹس شوکت صدیقی کے بقول دیگر دو اداروں کی جانب دیکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور سی پیک لے کر آئے، قوم کا اعتماد بحال کر کے انہیں واپس لانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نیا بیانیہ نہیں لا رہے ہم بتائیں گے کہ قومی مفاد میں خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں، قومی مفاد میں اب خاموش نہ رہا جائے اب جو سچ ہے وہ عوام کے سامنے رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اتنا گند ڈال دیا ہے کہ ہم سارے حقائق سامنے رکھ کر الیکشن میں جا رہے ہیں ,جس دن الیکشن کا شیڈول جاری ہو گا، محمد نواز شریف واپسی کی تاریخ دیں گے،مریم نواز واپس آ رہی ہیں ہم نے جہاں سے خاموشی اختیار کی تھی اب وہیں سے قوم کو سب سنانا شروع کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج بھی عمران خان کو مقبول رکھنا کس کی ضرورت ہے، ان پانچ کرداروں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے جنہوں نے ریاست کو نقصان پہنچا یا، جس دن پنجاب اور کے پی میں الیکشن کا اعلان ہو گا محمد نواز شریف واپسی کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

Related Articles

Back to top button