
لاہور۔ 14جنوری۔ حکومت پنجاب نے ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی آپریشنز پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کو چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا اضافی چارج دیدیا ہے۔ آئی ٹی انڈسٹری میں 24 سالہ متاثر کن تجربے کے حامل فیصل یوسف حکومت پنجاب کے مختلف شعبوں بشمول محکمہ خزانہ، پولیس، صحت، زراعت، لا اینڈ آرڈر اور دیگر میں ڈیجیٹائزیشن اور جدت پر مبنی منفرد منصوبے لاگو کر چکے ہیں۔ان کے محکمہ خزانہ پنجاب کیلیے وضع کردہ ای پے پنجاب منصوبے کو بے پناہ پذیرائی حاصل ہوئی جسکے ذریعے اب تک حکومت کو 135 ارب سے زائد ٹیکس وصول ہو چکا ہے جبکہ ڈینگی ٹریکنگ سسٹم عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل کر چکا ہے۔ان کی زیرنگرانی درجنوں ٹیکنالوجی منصوبے دیگر صوبوں میں بھی کامیابی کیساتھ نافذ کیے جا چکے ہیں۔



