او آئی سی کا مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کےخلاف غیر معمولی اجلاس، اقوام متحدہ سے ضروری کارروائی کا مطالبہ

جدہ: اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)نے مسجد اقصیٰ کے حوالے سے اسرائیلی وزیر کی اشتعال انگیز ی کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کاز کی مرکزی اہمیت کا اعادہ کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس گزشتہ روز جنرل سیکرٹریٹ جدہ میں منعقد ہوا جس میں مسجد اقصیٰ اور القدس شریف کے خلاف اسرائیلی پالیسیوں اور قدامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اشتعال انگیز قرار دیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ القدس شریف پوری اسلامی امہ کے دل کے قریب تر ہے۔ غیر معمولی اجلاس کے اختتام پر او آئی سی کی طرف سے 17 نکاتی اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں اسرائیلی پالیسیوں اور اقدامات کی مذمت کے علاوہ مسلم ممالک ، عالمی اداروں ، تنظیموں ، مذہبی رہنمائوں اور انسانی حقوق کے اداروں کی توجہ اس اہم معاملے کی طرف دلائی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے وزیر برائے قومی سلامتی ایتامار بن یویرکا مسجد اقصیٰ کا دورہ اشتعال انگیز کارروائی ہے جو قابل مذمت ہے اور اس طرح کی کوئی بھی متصبانہ کارروائی قابل قبول نہیں۔، اسرائیلی وزیرکی شہرت انتہا پسندی کے حوالے سے ہے اس لیے ان کی اشتعال انگیزی انتہائی سنگین نوعیت کی ہے نیز یہ کہ قابض اتھارٹی کی طرف سے ہر روز اسرائیلی نوآبادیاتی کے اقدامات سامنے آرہے ہیں۔



