
لاہور06 جنوری
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے زیرِ اہتمام دو روزہ بین الاقوامی”پاکستان ہارٹی ایکسپو2023“کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں پاکستانی پھلوں،سبزیوں اوران سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔اس دو روزہ پاکستان ہارٹی ایکسپو2023 کے لئے 28 اور29جنوری کو سٹالز ایکسپو سنٹر جوہر ٹاؤن لاہورمیں لگائے جائیں گے۔ امسال اس نمائش میں 100سے زائد سٹالز لگائے جائیں گے اور تاجکستان،ازبکستان، بیلا روس،قازقستان،سعودی عرب،دوبئی،قطر،بحرین،سری لنکا،انڈونیشیا، ملائیشیا اورترکی سے ماہرین،ایکسپوٹرزو دیگر اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ اس نمائش سے قبل محکمہ زراعت ایسی آٹھ نمائشوں کا انعقاد کر چکا ہے جس میں مجموعی طور پر20 ممالک سے150 سے زائدوفود نے شرکت کی۔ ان نمائشوں کے انعقاد سے پاکستانی برآمدات میں مجموعی طور پر20 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا تھا۔ پاکستان ہارٹی ایکسپو2023 کے انعقادسے زرعی شعبہ سے وابستہ لوگوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جا رہا ہے جو پاکستانی مصنوعات کو پوری دنیا میں متعارف کروانے کا ذریعہ بنے گا اور ہماری زرعی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔



