
اسلام آباد۔: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے سال 2022کے دوران انتخابی فہرستوں میں صنفی امتیاز کے خاتمے کے لئے اقدامات کے تحت 38لاکھ خواتین کے ووٹ درج کئے تاکہ یہ خواتین حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کا انتخاب کر سکیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے سال 2022 کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای سی پی نے سال 2022 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی مانیٹرنگ کے لئے 594 مانیٹرنگ اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران تعینات کئے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معائنے کے دوران ان افسران نے 12ہزار 894قسم کے ممنوعہ اشاعتی مواد اور سامان کو تلف کیا ، مانیٹرنگ افسران کی طرف سے ان خلاف ورزیوں پر 262نوٹسز، 133وارننگز جاری کی گئیں جبکہ 135امیدواروں اور عہدیداروں کو جرمانے بھی عائد کئے گئے ۔ ترجمان نے کہاکہ سال 2022کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 39ضمنی انتخابات کروائے جن میں سے 12الیکشن قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر کرائے گئے ، 23پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر، 1خیبر پختونخوا کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن کرائے گئے جبکہ سینیٹ کی 3نشستوں پر بھی انتخاب کرائے گئے۔



