
لاہور- 29 دسمبر:
اشیائے خورونوش کی قیمتیں جاننے اور متعلقہ شکایات کے اندراج کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی حکومت پنجاب کیلئے وضع کردہ ‘قیمت پنجاب’ ایپ کے ذریعے گراں فروشی کی مد میں دکانداروں سے اب تک 10 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا ہے جبکہ ایپ کے ذریعے اب تک 78,829 اندراج شدہ شکایات میں سے 78,411 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔اس حوالے سے چیئرمین پی آئی ٹی بی سید بلال حیدر کا کہنا تھا کہ ایپ کی مدد سے شہریوں کو اشیائے خورونوش کی خریداری میں قابل قدر ریلیف حاصل ہوا ہے۔ایپ سے گھر بیٹھے اشیائے ضروریہ گوشت‘سبزی‘ دالوں وغیرہ کی قیمتیں دیکھی جا سکتی ہیں مزید یہ کہ مانیٹرنگ و جرمانوں کیلئے قیمت ایپ کو پرائس مجسٹریٹ ایپ سے منسلک کیا گیا ہے، جس کی مدد سے فوڈ انسپکٹرز اشیاء کی دستیابی یا خلاف ورزی پر جرمانے بھی کر سکتے ہیں۔



