
کراچی: وفاقی اور سندھ حکومتوں نے توانائی کے تحفظ کے لیے اقدامات کو نافذ کرنے سے قبل تاجروں، صنعتکاروں، ریسٹورنٹ مالکان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے درمیان ٹرمینل 1 کے کانفرنس روم میں ملاقات ہوئی جس میں توانائی کے تحفظ کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزراء مخدوم مرتضیٰ محمود، عبدالواسع، ڈاکٹر مصدق ملک، پاور سیکرٹری راشد لنگڑیال اور سردار معظم وفاقی حکومت کے وفد کا حصہ تھے۔ وزیراعلیٰ کی معاونت صوبائی وزراء امتیاز شیخ، سعید غنی، جام اکرام اللہ دھاریجو، مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی اقبال میمن، سیکرٹری صحت ذوالفقار شاہ اور سیکرٹری توانائی ابوبکر مدنی نے کی۔



