
قمبر (بلوچستان) – مقامی جوڈیشل مجسٹریٹ نے اتوار کو متنازع بیان کیس میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ قمبر پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ اور سول جج قمبر کی عدالت میں پیش کیا۔ سندھ پولیس نے اس سے قبل اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس سے اپنی تحویل میں لے لیا تھا جب بلوچستان ہائی کورٹ نے ان کے خلاف صوبے میں درج تمام مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت میں پیشی کے دوران عدالت کے باہر جمع پی ٹی آئی کارکنوں نے نعرے لگائے اور اعظم سواتی کو جعلی مقدمات سے بری کرنے کا مطالبہ کیا۔



