
لاہور – رواں ماہ اسمبلیاں تحلیل کرنے پر اٹل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ہفتے کے روز کہا کہ ان کی جماعت اور پاکستان مسلم لیگ قائد (پی ایم ایل ق) صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پر متفق ہیں۔ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفد سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی رواں ماہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو بھجوائے گی اور ان کی پارٹی مستقبل میں بھی اپنی اتحادی مسلم لیگ (ق) کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ آئی ایس ایف کے وفد نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آگاہ کیا کہ پنجاب کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں آئی ایس ایف کو تعلیمی اداروں میں ممبر شپ مہم چلانے کی اجازت نہیں دے رہے جس پر عمران خان نے وزیر کو کل ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں تین لوگوں سے بدلہ لے لیتا، اگر میں اپنے لیے سیاست کر رہا ہوتا لیکن میں اپنے لیے نہیں ملک کے لیے سیاست کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب طاقتور کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا تو ملک متحد ہو گا۔



