بین الاقوامیتازہ ترین
یوکرائنی صدر زیلنسکی کار حادثے کے بعد محفوظ

کیف-حکام کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی گاڑی کو کیف میں حادثہ پیش آیا تاہم انہیں کوئی شدید چوٹ نہیں آئی۔ اس سے قبل انہوں نے اسٹریٹجک شہر ایزیوم میں یوکرین کا پرچم بلند کیا۔
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ٹریفک حادثہ کب پیش آیا۔ قبل ازیں بدھ کے روز زیلنسکی نے روسی قبضے سے آزاد ہونے کے چند دن بعد ایزیوم شہر کا دورہ کیا۔ انہوں نے یوکرین کا پرچم لہرانے کی تقریب میں شرکت کی۔
زیلنسکی کے ترجمان سرہی نیکیفوروف نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا، صدر ولادیمیر کا ڈاکٹر نے معائنہ کیا، کوئی شدید چوٹ نہیں آئی۔ دوسری گاڑی کے ڈرائیور کو ابتدائی طبی امداد دی۔
خارکیو کے شمال مشرقی صوبے میں واقع ایزیوم ڈونیٹسک کے متنازعہ علاقے کے قریب واقع ہے اور اس علاقے میں روسی عزائم کا تزویراتی طور پر کلیدی مرکز رہا ہے۔



