پاکستانتازہ ترینصحت

ڈینگی پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب 

عوام کی صحت اور زندگیوں کے تحفظ کیلئے انتظامیہ کی ڈینگی ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جار ی ہیں اورگزشتہ پانچ روز میں مختلف شہروں میں 446 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

حکام نے چیف سیکرٹری پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لاہور میں 276،راولپنڈی 104،فیصل آباد 9، اٹک 14،سرگودھا 7، قصور 4، خوشاب 4اور شیخوپورہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اسی طرح ساہیوال میں 6،گوجرانوالہ، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تین تین ایف آئی آرز جبکہ ملتان، نارووال، چنیوٹ، گجرات،ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ میں دو دو مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس ہفتے کے روزسول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کوئی رعائیت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیس ریسپانس کو 24گھنٹے کے اندر یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے، ڈینگی سے متعلق آگاہی بڑھانے کیلئے کمیونٹی موبلائزیشن مہم شروع کی جائے۔

چیف سیکرٹری نے سیکرٹری کوآپریٹیوز کو ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف سخت کارروائی کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔

سیکرٹری صحت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں رواں سال اب تک970کنفرم ڈینگی کیسز اورتین اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔221ڈینگی مریض پنجاب کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اورمحکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

Related Articles

Back to top button