ذیابیطس و گردوں کے امراض سے بچاؤ کیلئے طرزِ زندگی میں تبدیلی ناگزیر ہے، مقررین

ذیابیطس و گردوں کے امراض سے بچاؤ کیلئے طرزِ زندگی میں تبدیلی ناگزیر ہے، مقررین

لاہور (نمائندہ خصوصی)
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ذیابیطس اور گردوں کی بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان تھا "طرزِ زندگی میں تبدیلی کے ذریعے ذیابیطس اور گردوں کی بیماریوں سے بچاؤ”۔ سیمینار کی صدارت لاہور چیمبر کے صدر ابوذر شاد نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر تھےاس بامقصد سیمینار کا اہتمام لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کی متحرک رکن محترمہ فردوس نثار نے کیا، جنہوں نے کہا کہ عوام میں صحت کے حوالے سے شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ذیابیطس اور گردوں کے امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں جن سے بچاؤ صرف بروقت آگاہی اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی سے ہی ممکن ہے۔ لاہور چیمبر نہ صرف معاشی بلکہ سماجی فلاح کے کاموں میں بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ رحمٰن فاؤنڈیشن کے ساتھ ہمارا اشتراک اسی جذبے کی عملی مثال ہے۔”
معروف ہربلسٹ اور رحمٰن فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر وقار احمد نیاز نے مرکزی لیکچر دیتے ہوئے ذیابیطس، گردوں کی صفائی اور ان امراض سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے بازاری کھانوں، سافٹ ڈرنکس اور چاکلیٹ جیسی مضرِ صحت اشیاء سے دوری اختیار کرنے کی تاکید کی۔
اس موقع پرایم ڈی رحمٰن فاؤنڈیشن ڈاکٹر میجر شاہد رشید اور ڈاکٹر شاہد نذیر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈاکٹر وقار احمد نیاز کی تیزرفتار طبی تحقیق و کاوشوں کو سراہا۔
مہمانِ خصوصی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اپنی تقریر میں وزارتِ صحت کی کارکردگی، عوامی آگاہی اور صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر خلیل سکھانی نے محکمہ صحت کی موجودہ حکمتِ عملی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بات کی۔
صدر لاہور چیمبر ابوذر شاد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو کوک اور چاکلیٹ سے دور رکھنا ضروری ہے کیونکہ یہ اشیاء گردوں اور ذیابیطس کے مرض میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر وقار احمد نیاز کو چیمبر میں ہر ہفتے خصوصی لیکچر دینے کی پیشکش بھی کی۔
تقریب کے اختتام پر وائس پریزیڈنٹ لاہور چیمبر شاہد نذیر نے تمام مہمانوں اور محترمہ فردوس نثار کو کامیاب سیمینار پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر صحت نے ڈاکٹر وقار احمد نیاز کو محکمہ صحت کے عملے کی ٹریننگ کیلئے دعوت دے کر ان کی خدمات کو سراہا جو کہ ایک اعزاز کی بات ہے۔



