پاکستانتازہ ترینخواتین

پنجاب کے پبلک تعلیمی اداروں میں سٹیم ایجوکیشن نمائش کا انعقاد

وزیر تعلیم کا پوزیشن ہولڈر طلبہ کیلئے انعام کی رقم 5 لاکھ تک بڑھانے کا اعلان

لاہور 18 نومبر
پنجاب میں سٹیم ایجوکیشن کے فروغ کیلئے پبلک تعلیمی اداروں میں سٹیم نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن اور یونیسیف کے اشتراک سے پی ایم آئی یو ڈیپارٹمنٹ نے اضلاع کی سطح پر اسٹیم مقابلوں کا انعقاد یقینی بنایا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گورنمنٹ ریٹی گن سکول میں لاہور کی سطح پر ہونے والی اسٹیم نمائش کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ کے بنائے گئے سائنسی ماڈلز دیکھے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ سٹیم نمائش میں پنجاب بھر سے 108 طلباء کے منتخب ماڈلز نمائش کیلئے پیش کئے گئے تھے۔ پنجاب بھر کے مڈل اور سیکنڈری اسکول کے طلباء نے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے شعبوں میں تیار کیے گئے ماڈلز پیش کئے۔ وزیر تعلیم نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے انعام کی رقم ایک لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلی تین پوزیشن کے حامل طلباء کو بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 2 لاکھ کیش پرائز دیں گے۔ رانا سکندر حیات نے ٹاپ ٹین پراجیکٹس والے طلباء کے اساتذہ کو بھی ایوارڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگلے سال تک سرکاری سکول معیاری سکول بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے دور کے ساتھ ساتھ سٹیم ایجوکیشن کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں سوشل لرننگ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیم نمائشوں کے ذریعے طلبہ کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا اور ان میں تحقیق کی عادت پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ کریٹیکل تھنکنگ اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی بڑھے گی۔ وزیر تعلیم نے تمام سکول سربراہان کو سٹیم نمائش جیسی سرگرمیاں جاری کی ہدایت کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں ایسا ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور جدت کو فروغ دے سکے۔ واضح رہے کہ مذکورہ سٹیم ماڈلز کو شارٹ لسٹ کرنے کیلئے ضلعی سطح پر قائم شدہ تکنیکی کمیٹیوں نے ماڈلز کا جائزہ لیا اور فاتحین کا انتخاب کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button