
فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ ملک اس وقت سخت معاشی مشکلات کا شکار ہے اور یہ مسائل سابق حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدوں کی وجہ سے پیدا ہوئے ، فتنہ خان نے پہلے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا بعدازاں عوامی غیظ و غضب سے بچنے اور سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے معاہدہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی بجائے کم کرکے آئی ایم ایف سے طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی کی اور معاہدہ توڑ دیا جس سے آئی ایم ایف کا پاکستان سے اعتماد اٹھ گیا یہی وجہ ہے کہ اب جب آئی ایم ایف سے بات کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ پہلے فلاں فلاں شرائط پیشگی پوری کرو پھر قرضہ دیں گے اور ان شرائط میں سب سے پہلے پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کی قیمتیں بڑھانا اور اس کے بعد عوام کو مختلف حوالوں سے دی جانیوالی تمام سبسڈیوں کا خاتمہ ہے۔ لہٰذا اگر ہم ایسا کرتے ہیں تو مہنگائی کی شرح میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا ہے اور اگر نہیں کرتے تو ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ممکن نہیں رہتا مگر دوسری جانب فتنہ فساد خان بے بنیاد پراپیگنڈے کے ذریعے ملک کوڈیفالٹ کروانے پر تلا ہوا ہے ، ہماری بدقسمتی ہے کہ ایک ایسے انسان کوسیاست کے ذریعے قوم پر مسلط کروایا گیا جو یہ کہتا تھا کہ سیاسی مخالف کو چھوڑنا نہیں لیکن اس نے عملی طور پر ملک و قوم کیلئے کچھ نہیں کیا اور ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ، عوام پریشان نہ ہوں وزیر اعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور ان کی معاشی ٹیم دن رات موجودہ صورتحال سے نکلنے کیلئے اقدامات میں مصروف عمل ہے ، عوام بہت جلد اچھی خبریں سنیں گے۔



