
لاہور- 28 دسمبر
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے پاکستان بھر میں نوجوانوں کو باعزت آن لائن روزگار فراہم کرنے کیلئے نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام کے ذریعے اب تک 8 ہزار 7 سو سے زائد طلباء تربیت مکمل کر کے انٹرنیٹ سے تقریباً ساڑھے 22 لاکھ ڈالرز یعنی 40 کروڑ روپے سے زائد زرمبادلہ کما چکے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی سید بلال حیدر کی زیرِ صدارت ارفع ٹاور میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں 20 تربیتی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں بے روزگار نوجوانوں کو 3 شعبوں ٹیکنیکل، کانٹینٹ مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ اور کری ایٹو ڈیزائن میں 3 ماہ کی ٹریننگ دی جاتی ہے جبکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کیلئے تربیتی فیس پر 70 فیصد سے 100 فیصد تک رعایت بھی دی جاتی ہے۔
پروگرام میں داخلے کیلئے شناختی کارڈ اور متعلقہ صوبے کا ڈومیسائل، عمر کی حد 18سال سے لےکر 40 سال تک اور تعلیمی قابلیت گریجویشن ہے۔



