
کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کا 200 اسکور کا بڑا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 اسکور کیے۔ پاکستان نے 200 اسکور کا بڑا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کر لیا۔
کپتان بابر اعظم نے کیریئر کی پہلی ٹی ٹوینٹی سنچری بناتے ہوئے 66 گیندوں پر 110 اسکور بنائے، جس میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 88 اسکور بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی 203 اسکور کی اوپننگ شراکت داری کی۔
انگلینڈ کی جانب سے کوئی بھی باؤلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ معین علی سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے محض 1 اوور میں 21 اسکور کھائے۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپنر بلےباز فل سالٹ 30 اسکور، الیکس ہلز 26 اسکور بنا کے آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملان بغیر کھاتہ کھولے شاہنواز دھانی کا شکار ہو گئے۔ بین دکٹ 43 اسکور، اور ہیری بروکس 31 اسکور بنا کے آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد کپتان معین علی نے ٹیم کو سنبھالا اور تئیس گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 55 اسکور بنا کر کریز پر موجود رہے۔ سام کرن 10 اسکور کر کے معین علی کے ساتھ کریز پر موجود رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز نے 1 وکٹ حاصل کی۔ محمد حسنین چار اوورز میں 12.75 کی اوسط سے 51 اسکور دیتے ہوئے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔



