لائیو سٹاک سیکٹر ملکی معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس
ڈاکٹر وقار علی گل وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اور یونیورسٹی آف نارووال میریٹوریئس پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس تمغہ امتیاز کو اپنی تصنیف پیش کرتے ہوئے ۔

لائیو سٹاک سیکٹر ملکی معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس ۔
لائیو سٹاک کا شعبہ ملک کی معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار میریٹوریئس پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس تمغہ امتیاز نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے وائس چانسلر آفس میں ڈاکٹر وقار علی گل لائیو سٹاک ایکسپرٹ ریڈیو پاکستان لاہور سے ہونے والی ایک ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک شعبہ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو اس سیکٹر پہ خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سیکٹر میں اتنا پوٹینشل موجود ہے جو ملکی معیشت کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے نیز اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے مویشیوں کی بریڈز کو مذید بہتر بنا کر ان کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے سے ہمارا لائیو سٹاک دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کر سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں گزشتہ روز ہونے والی ایک ملاقات میں ڈاکٹر وقار علی گل لائیو سٹاک ایکسپرٹ ریڈیو پاکستان لاہور نے اپنی تصنیف ” گھوڑا ( ارتقائ، سائنسی، سماجی اور تاریخی اہمیت) میریٹوریئس پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس تمغہ امتیاز وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اینڈ وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال کی خدمت میں پیش کی۔ ڈاکٹر وقار علی گل کی تصنیف گھوڑا ( ارتقائی، سائنسی، سماجی اور تاریخی اہمیت) کو سراہتے ہوئے میریٹوریئس پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس تمغہ امتیاز نے تصنیف کو گھوڑوں کے شوقین افراد کیلئے معلومات سے بھرپور ایک مثالی کتاب قرار دیا اور کہا کہ گھوڑے پالنے والے افراد کے لئے قومی زبان میں تحریر کی گئی یہ کتاب ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر انیلا ضمیر درانی صاحبہ، پرنسپل کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز جھنگ پروفیسر ڈاکٹر احتشام اور ڈائریکٹر یونیورسٹی ڈائیگنوسٹک لیبارٹریز پروفیسر ڈاکٹر عامر غفور باجوہ بھی شرکت کی۔
تعلیم و تدریس اور انتظامی شعبے میں تیس سال سے زائد عرصے پر محیط وسیع تجربے کے حامل میریٹوریئس پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس تمغہ امتیاز ناصرف پی ایچ ڈی بلکہ امریکہ سے پیتھالوجی اور پبلک ہیلتھ جیسے اہم شعبہ جات میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کر چکے ہیں۔ حکومت پاکستان نے محترم پروفیسر صاحب کی تحقیقی و پیشہ ورانہ خدمات کے اعزاز میں انہیں تمغہ امتیاز سے نوازہ۔ پروفیسر صاحب 15 کتب اور 35 پیشہ ورانہ ابواب کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ 60 ایم فل اور 18 پی ایچ ڈی سکالرز کے سپروائزر رہ چکے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے منظور شدہ ریسرچ جنرلز میں ان کے 327 تحقیقی مقالہ جات چھپ چکے ہیں جبکہ 100 سے زائد ورکشاپس، سیمینارز، اور کانفرنسز میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔ یونیورسٹی آف مینیسوٹا امریکہ نے انہیں امتیازی لیڈرشپ ایوارڈ عطا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس تمغہ امتیاز واحد پاکستانی ہیں جن کی ویٹرنری سائنسز کے شعبہ میں گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا پورٹریٹ یونیورسٹی آف مینیسوٹا امریکہ کے ہال آف فیم میں آویزاں کیا گیا ہے۔
ماضی میں محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے ضلع نارووال میں ڈسٹرکٹ لائیو سٹاک آفیسر اور ای ڈی او زراعت جیسی اہم ذمے داریاں سر انجام دے چکے ہیں۔ دریں اثناء یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کے عہدے پر فائز رہے پھر یونیورسٹی کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز نارووال کے پرنسپل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات ہوئے۔ اس کے علاوہ ضلع جھنگ میں قائم یونیورسٹی کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے پرنسپل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فرائض کامیابی سے سر انجام دیتے رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس تمغہ امتیاز نے یونیورسٹی لیول کے تین ادارے اسٹیبلش کئے جن میں یونیورسٹی کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز جھنگ، یونیورسٹی کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز نارووال اور یونیورسٹی آف نارووال شامل ہیں۔ گریڈ 22 کے حامل میریٹوریئس پروفیسر صاحب آج کل یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اور یونیورسٹی آف نارووال کی ذمے داریاں بطریق احسن نبھا رہے ہیں۔