نیشنل کالج آف آرٹس میں چیک ریپبلک کے سفارتخانے کے اشتراک سے اتوار کے روز ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد دونوں ممالک کی پچاس سے زائد خواتین کو انکی مثالی خدمات پر خصوصی خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب کے مہمان خصوصی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین تھے۔ اس موقع پر این سی اے کے پرنسپل پروفیسرڈاکٹر مرتضی جعفری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ ہائے زندگی میں مثالی کردار ادا کیا ہے، خواتین کی خدمات کا اعتراف نہ صرف پاکستان میں ہو ابلکہ دنیا بھر میں اس جو پذیرائی ملی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج خواتین ہر شعبہ جات میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں، دنیا کی گریٹ ویمنز کے نام سے کتاب لکھی جانی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری کی کاوشوں کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری نے وفاقی وزیر کو اس نمائش بارے بریفنگ دی۔
اس نمائش میں پچاس پاکستانی خواتین کے پوسٹرز بھی شامل کئے گئے تھے۔ اس موقع پر رانا تنویر حسین نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ ملک میں انتشار کی صورتحال ہے لیکن مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرو رت ہے،بہتر ہے ملکی مفاد کیلئے آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھا جائے، اقتدار سے جانے کے بعد ملک کو غیر مستحکم کرنے کے مذموم عزائم کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ2023 کے انتخابات میں عوام کے ووٹ سے جو جیتیں گے عوام انہیں قبول کریں اور دھاندلی کا شور نہ کریں، جب ہماری اتحادی حکومت اقتدار میں آئی تو معاشی صورتحال بہت خراب تھی اس لئے وسیع تر ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے قوم کو بحران سے نکالا اور حکومت کی عمدہ معاشی پولیسیوںکی بدولت مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم کی گئی ہیں اور انشااللہ مزید کم ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول کرنا صوبوں کا کام ہے ۔