والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے "یاترا” کے عنوان سے اندرون لاہور میں واقع سکھ ورثے کے تاریخی مقامات کا ایک گائیڈڈ ٹور منعقد کیا گیا.

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے "یاترا” کے عنوان سے اندرون لاہور میں واقع سکھ ورثے کے تاریخی مقامات کا ایک گائیڈڈ ٹور منعقد کیا گیا،
جس میں سیاحوں نے سکھ مذہب کے تاریخی مقامات جیسے جنم آستھان اور سمادھیوں کی سیر کی۔ سیاح فوڈ اسٹریٹ پر جمع ہوئے اور اس کے بعد انہوں نے جنم آستھان گرو رام داس، سمادھی گرو ارجن دیو، سمادھی مہاراجہ رنجیت سنگھ، سمادھی کھڑک سنگھ اور سمادھی نونہال سنگھ جیسے تاریخی مقامات کی سیر کی۔ سیاحوں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ ٹور میں شریک سیاحوں نے "یاترا” کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا اور اقلیتوں کے ورثے کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم، اصغر حسین نے کہا: "کسی بھی قوم کا ثقافتی اور تاریخی ورثہ مذہبی حدود تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ یہ مختلف مذاہب کے لوگوں کو جوڑنے اور متحد کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ اندرون لاہور میں موجود سکھ ورثے کے مقامات دیگر یادگاروں کی طرح اہم ہیں۔ اسی لیے ہم نے ان مقامات کے تحفظ کے لیے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہم عوام کی توجہ ان مقامات کی تاریخی اہمیت کی طرف مبذول کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ گائیڈڈ ٹور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی تاریخی ورثے کی بحالی اور سیاحت کے لیے ایک پرامن اور محفوظ ماحول قائم کرنے کی کاوشوں کی گواہی دیتا ہے۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "اندرون لاہور بے شمار تاریخی یادگاروں کا مرکز ہے جو ثقافتی اور تاریخی لحاظ سے اہمیت رکھتی ہیں اور مذہبی حدوں سے بالاتر ہیں۔ یہ یادگاریں ہمارے مشترکہ ورثے کا حصہ ہیں اور عوام کا انہیں سمجھنا اور سراہنا ضروری ہے۔ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے ان مقامات کی سیر کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ سکھ ورثے کے ان مقامات کا یہ ٹور ہمارے ادارے کی اقلیتیوں کے ورثے کے تحفظ اور فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔



