پاکستانتازہ ترینسپیشل رپورٹسیر و سیاحت

فرانسیسی افسران اور مہاراجہ رنجیت سنگھ: جنرل الاڑ کے مقبرے پر مشترکہ تاریخ کی ایک یادگار صبح

فرانسیسی افسران اور مہاراجہ رنجیت سنگھ: جنرل الاڑ کے مقبرے پر مشترکہ تاریخ کی ایک یادگار صبح۔
لاہور، 26 اپریل.سفارت خانہ فرانس برائے پاکستان ، حکومت پنجاب اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے تعاون سے انارکلی میں واقع فرانسیسی جنرل جین فرانسو الارڈ کے مقبرہ ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان تھا

”مہاراجہ رنجیت سنگھ کی خدمت میں فرانسیسی افسران”۔
فرانسیسی جنرل جین فرانسو الارڈ جو کہ نپولین کے دور کی فرانسیسی فوج سے رخصت ہو کر مہاراجہ رنجیت سنگھ کی فوج میں شامل ہوئے تھے اور یہا ں مہاراجہ رنجیت سنگھ کی فوج میں تا حیات خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر شرکاء کو یہ جاننے کا موقع ملا کہ فرانسیسی اور دیگر غیر ملکی افسران نے انیسویں صدی میں پنجابی فوج کو جدید بنانے میں کس طرح مدد دی ۔
اس تقریب میں ڈاکٹر ندرہ شہباز خان، جو لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں آرٹ اور آرکیٹیکچرل ہسٹری کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں، نے کلیدی خطاب کیا۔ وہ سکھ فن اور طرزِ تعمیر پر اپنی ایوارڈ یافتہ تحقیق کے لیے مشہور ہیں۔ ڈاکٹر ندرہ نے لاہور، لاہور قلعے اور اس کی سکھ گیلری کے ثقافتی ورثے پر نئی اور دلچسپ معلومات شیئر کیں، اور حاضرین نے ان کے علم اور تاریخ سے بھر پور لیکچر کوبے حد سراہا۔
تقریب کے دوران والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل، جناب کامران لاشاری نے کہا
”والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نہ صرف اس خطے کی بھرپور تاریخ کو اجاگر کرنے اور اس کے شاندار تعمیراتی ورثے کے تحفظ و بحالی کے لیے پرعزم ہے، بلکہ ہماری ترجیح یہ بھی ہے کہ تاریخی عمارتوں کے ساتھ وابستہ شخصیات اور ان کے پس منظر کو بھی نمایاں کیا جائے۔ ہم محض عمارتوں کی ظاہری مرمت تک محدود نہیں، بلکہ ان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا بھی اپنا فرض سمجھتے ہیں۔”
یہ کیفے-کانفرنس تاریخ دانوں، ثقافتی شائقین، محققین، اور عوام کے درمیان ایک یادگار صبح کے طور پر سامنے آئی، جس میں فرانس اور پنجاب کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

Related Articles

Back to top button