
تاجر برادری نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو خوش آ ئند قرار دیدیا،ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ،پیدا واری لاگت میں کمی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا ، لاہور چیمبر.
لاہور۔4اپریل ():لاہور چیمبر کے عہدیداروں سمیت تاجر برادری کی کثیر تعداد نے وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان خوش آ ئند قرار دیا ہے،صنعتی ترقی کیلئے سستی بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے،وفاقی حکومت کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنا عوام کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ یہاں ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے تاجر برادری ،صنعت کاروں اور لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات ہر چیز پر پڑیں گے اور مہنگائی میں کمی واقع ہوگی،صنعتی صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی سے پیداواری لاگت میں کمی ہوگی ۔لاہور چیمبر کی رکن گورننگ باڈی فردوس نثار کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، نوجوانوں کو روز گار کے مواقع ملیں گے اور ملک بھر میں مہنگائی میں واضح کمی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے جہاں گھریلو صارفین مستفید ہوں گے وہاں صنعتی ترقی کو بھی فروغ ملے گا،پائیدار معاشی ترقی کی منزل کا حصول کاروباری سرگرمیوں کے بغیر نا ممکن ہے اس کیلئے صنعتوں کو سستی بجلی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف اور برآمدات میں اضافہ ہوگا،صارفین کیلئے بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی کے اعلان کو سر اہتے ہوئے انہوں نے اسے معاشی سرگرمیوں کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔کنوینئر سٹینڈنگ کمیٹی لاہور چیمبر آف کامرس جاوید اعجاز ،میاں انجم نثار اور صنعت کار منظور ملک نے مذکورہ اعلان کو سراہتے ہوئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ تاجر برادری اور انڈسٹری کو فائدہ ہوگا جس سے معاشی ترقی ہوگی اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئے گی،اس حوالے سے کاروباری برادری نے توقع ظاہر کی کہ جس طرح ملکی معیشت میں بنیادی استحکام آیا ہے اور معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی تاجر برادری اور صنعت کاروں کو مزید ریلیف ملے گا اور پاکستان اڑان بھی بھرے گا۔انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی سے عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی،ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اورصنعتی ترقی کی بنیاد بنے گا،ملک کے کسان بھی خوشحال ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا وعدہ پورا کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں،مہنگائی میں کمی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات میں کمی آئے گی،سٹاک ایکسچینج نے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 20 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر لی،پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کی مثبت سمت حکومت کی معاشی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار ہے،گزشتہ ایک سال کے دوران معاشی اعشاریوں اور کاروباری ماحول میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے،حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے مثبت ماحول فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔



