
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) نے اپنے عملے کے ساتھ کرسمس اور قائد ڈے منایا
25 دسمبر – والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے کرسمس کے پر مسرت موقع کو اپنے مسیحی عملے کے ساتھ محبت اور خوشی سے منایا۔ شاہی گزرگاہ ، قلعہ لاہور ، شالیمار باغ اور جہانگیر کے مقبرے پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
کرسمس کے موقع پر تاریخی عمارات کو خوبصورتی سے سجایا گیا اور کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کی گئیں جو تمام عملے کے ممبران کے درمیان اتحاد اور مشترکہ جشن کی علامت تھیں۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے ثقافتی اور مذہبی تنوع کے احترام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کی ایک خاص بات سانتا کلاز کا اچانک دورہ تھا، جس نے بچوں کو بہت محظوظ کیا۔ سانتا نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے، مسکراہٹیں پھیلائیں مزید براں مسیحی برادری کے لیے ڈرم سرکل کا بھی اہتمام کیا گیا اور وہاں موجود خاندانوں کے لیے یادگار لمحات بنائے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا کہ اتھارٹی اپنے مسیحی عملے کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اورکرسمس کو ایک ساتھ منانا ہماری ہم آہنگی اور اتحاد کے اجتماعی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ ہمارے ورثے کے مقامات پر یہ تہوار لاہور کی ثقافتی ہم آہنگی کو بھی اجاگر کرتے ہیں، جہاں تاریخ اور تنوع خوبصورتی سے ملتے ہیں۔



