پاکستان ٹیلی ویژن کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر اوکاڑہ میں بھی تقریب کا انعقاد۔ صحافیوں، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور فنکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت
پاکستان ٹیلی ویژن کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر اوکاڑہ میں بھی تقریب کا انعقاد۔
صحافیوں، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور فنکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت
پاکستان ٹیلی ویژن کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر اوکاڑہ میں بھی تقریب کا انعقاد ۔ جس میں پی ٹی وی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا.
پنجاب آرٹس کونسل اوکاڑہ میں سٹی پریس کلب اور ادارہ شعور ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام ہونے والی تقریب میں صحافیوں، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور فنکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اے پی پی کے سینئر صحافی ممتاز سلیم لنگاہ نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور اس کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے سب سے پہلے خبر دینے کی دوڑ میں تصدیق کے عمل کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے. انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں لیکن فیک نیوز سے نہ صرف صحافت کا چہرہ داغدار ہوا ہے بلکہ معاشرے میں بھی بگاڑ پیدا ہورہا ہے.ممتاز سلیم لنگاہ نے پی ٹی وی کی سالگرہ پر ادارے کے تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سٹی پریس کلب کے صدر مہر ساجد نے علاقائی مسائل کو بہترین طریقے سے اجاگر کرنے پر اوکاڑہ کے صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرہ کا آئینہ ہوتے ہیں اور ہمیں پوری ایمانداری سے اس فرض کو ادارہ کرنا چاہیے.انہوں نے پی ٹی وی کے پرانے ڈراموں کا تذکرہ کرتے ہوئے ادارے کی ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.
انجمنِ مغلیاں کے صدر حاجی یونس نے پی ٹی وی کو 60ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ادارہ ہے جس سے باقی اداروں نے چلنا سیکھا. پی ٹی وی آج بھی باقی چینلز کے لئے مشعل راہ ہے. پروفیسر ریاض خان نے ادارے سے اپنی طویل وابستگی اور پرانی یادوں کا تذکرہ کرکے حاضرین کے دل موہ لئے. انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح آج بھی پی ٹی وی ایک فیملی چینل ہے جسے آپ پوری فیملی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ اسی ادارے نے وہ لیجنڈ پیدا کئے جو آج انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں. پی ٹی وی نیوز لاہور کے سینئر نیوز پروڈیوسر عاصم نذیر بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی ہماری قومی حمیت اور نظریاتی سرحدوں کا امین اور پاسبان ہے. یہ ادارہ ٹرینڈ سٹر اور مدر آف آل چینلز ہے. قومی نشریاتی سے وابستگی میرے لئے باعث اعزاز ہے.
تقریب سے پی ٹی وی اوکاڑہ کے نمائندہ خصوصی طارق مجید مغل اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور پی ٹی وی کے ڈراموں اور پروگراموں کی دل کھول کر تقریف کی. تقریب کے آخر میں پی ٹی وی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا. تقریب میں اے پی پی کے سینئر صحافی ممتاز سلیم لنگاہ اور پی ٹی وی نیوز لاہور کے سینئر نیوز پروڈیوسر عاصم نذیر بھٹی کو یونیورسٹی آف امریکن ایگلز کی جانب سے صحافت میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں ملنے والے سرٹیفیکیٹ پر سٹی پریس کلب اوکاڑہ اور ادارہ شعور کی جانب سے اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا.